مودی جان لیں کشمیر کبھی نہیں چھوڑیں گے ،آصف زرداری

مودی جان لیں کشمیر کبھی نہیں چھوڑیں گے ،آصف زرداری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی،این این آئی) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ مودی سمجھ لے کہ ہم کشمیر کو کبھی بھولیں گے نہیں اور نہ کبھی چھوڑیں گے۔جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے تحت منعقدہ کل جماعتی قومی مشاورتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے کہا کہ اختلافات کے باوجود کشمیر کے مسئلہ پر ہم سب ایک ہی ہیں اور ہمارا دل کشمیریوں کیساتھ دھڑکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے بھی اندرا گاندھی سے مسئلہ کشمیر پر بات کی تھی اور راجیو گاندھی سے جب کشمیر پر بات کی گئی تو اس وقت اس نے کہا تھا کہ آج تک مجھ سے کسی نے اس مسئلہ پر بات ہی نہیں کی ۔ نریندر مودی کو بھی سمجھنا ہو گا کہ حکومت پاکستان کے ساتھ عوام کی رائے موجود ہے۔سابق صدر نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیاست سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ ہمارے ڈی این اے میں کشمیر شامل ہے اور ہم کشمیر سے ہیں اور کشمیر ہم سے ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر تمام سیاسی قوتوں کا یکساں موقف ہے اور حکومت پاکستان کا موقف صرف حکومت کا نہیں بلکہ عوام کا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ میری اگلی نسل بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھی کشمیر کی بات کرتے ہیں اور اللہ نے چاہا تو میں کشمیر کو اپنی زندگی میں آزاد دیکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ہر گھر میں شہید موجود ہے جبکہ سینکڑوں کشمیری بھارتی ظلم کے باعث آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو گئے ہیں۔سابق صدرمملکت نے صحافیوں سے ازراہ مذاق کہا کہ آج کل آپ کی مشکلات زیادہ ہیں، ہم آپ کو اس میں مدد کرنے کو تیار ہیں، آپ ہمارے ساتھ اس حکومت کو گرانے میں کندھا لگائیں ہم آپ کے ساتھ کندھا لگائیں گے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کیلئے جدوجہد کا تسلسل جاری رہے گا، پاکستانی قوم جدوجہد کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،حکمران اور ریاستی ادارے کشمیریوں کیساتھ وفاداری نبھانے میں ناکام ہو گئے،کشمیریوں کی مایوسی سے پیدا ہو نیوالے حالات ہمارے مفاد میں نہیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جس طرح کشمیری عوام اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ہماری حمایت ان تک پہنچنی چاہئے۔سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے کشمیر کیلئے آواز بلند ہوتی رہے گی۔پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر نے کہاکہ پاکستان میں آمروں کی حکومتوں نے کشمیر کے مسئلے کو بہت نقصان پہنچایا جبکہ علی امین گنڈا پور جیسے شخص کو وزیر امور کشمیر بنانا موجودہ حکومت کی غیرسنجیدگی ظاہر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا مطالبہ ہے کہ کشمیر کمیٹی کا سربراہ انتہائی بااثر اور غیر جانبدار سیاستدان کو بنایا جائے۔

قومی مشاورتی کانفرنس

مزید : صفحہ اول


loading...