نواز شریف سروسز ہسپتال منتقل ،طبی معائنہ ،3رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل ،کمرہ سب جیل کلیئر سکیورٹی سخت ،واک تھروگیٹ نصب ،بھاری نفری تعینات ،کارکنوں کے پارتی قائد کے حق میں نعرے

نواز شریف سروسز ہسپتال منتقل ،طبی معائنہ ،3رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل ،کمرہ سب ...

لاہور(جنرل رپورٹر،کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)کوٹ لکھپت جیل حکام نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو سروسزہسپتال منتقل کردیاجہاں انکا طبی معائنہ کیاگیا۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مراسلہ بھیجا گیا جس میں نواز شریف کو فوری ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت مانگی گئی تھی جسکی وزیراعلی نے منظوری دیدی جس کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ کو سابق وزیراعظم کی سروسز ہسپتال منتقلی کے احکامات جاری کر دئیے جنہیں گزشتہ روزسخت سکیورٹی حصار میں سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے علاج معالجے کیلئے سمز کے پرنسپل ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں ڈاکٹر کامران چیمہ اور ڈاکٹر ساجد نثارپر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیدیا گیا ہے تاہم کسی پیچیدگی کی صورت میں پی آئی سی کے ماہرین امراض قلب کی معاونت بھی حاصل کی جا سکے گی ، نواز شریف کے علاج کیلئے مختص وی آئی پی روم کو سب جیل ڈکلیئر کرتے ہوئے اسکے کے باہر ،وی آئی پی بلاک اور ہسپتال میں پولیس کی بھاری نفری کوتعینات کر دیا گیا ، وی آئی پی بلاک کے اطراف قناعتیں لگا د ی گئیں جبکہ وی آئی بلاک کے باہر واک تھرو گیٹ بھی نصب کر دئیے گئے ۔وی آئی پی بلاک کے اطراف عام افراد کا داخلہ بھی ممنوعہ قرار دیدیا گیا ۔نوازشریف کے کمرے کو سب جیل ڈکلیئر کردیا گیاجبکہ وارڈ کے باہر بھی جیل کاعملہ تعینات کردیاگیا،میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹروں کے علاوہ کوئی اور اندر نہیں جاسکے گا۔نوازشریف کوایک ملازم رکھنے کی اجازت بھی دیدی گئی۔نواز شریف کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کی اطلاع پر کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کوٹ لکھپت جیل اور سروسز ہسپتال کے باہر پہنچ گی جو ’’نواز تیرے جانثار بے شمار بے شمار ، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ‘‘کے نعرے لگاتے رہے تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے کارکنوں کوآگے بڑھنے سے روکے رکھا ۔سمز کے پرنسپل ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے نواز شریف سے ملاقات کرکے ان کی میڈیکل ہسٹری حاصل کی جبکہ اس موقع پر کوٹ لکھپت جیل میں طبی معائنہ کرنیوالے خصوصی میڈیکل بورڈ کی رپورٹس اور سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے تین رکنی میڈیکل بورڈ کو تمام پرانی رپورٹس بھی مہیا کر دیں۔ محکمہ داخلہ کے مطابق نوازشریف کے ٹیسٹ سروسزہسپتال میں ہی ہونگے اورجب تک ٹیسٹ مکمل نہیں ہوتے وہ ہسپتال میں ہی رہیں گے۔پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ایس پی ماڈل ٹاؤن علی وسیم ہسپتال سکیورٹی کے اوور آل انچارج ہوں گے ،ایلیٹ فورس اور سادہ لباس میں الگ الگ نفری تعینات ہو گی ۔نواز شریف کے کمرے تک جانیوالے راستے کی تین جگہ پر چیکنگ ہو گی ۔ہسپتال میں تعینات اہلکار تین شفٹوں میں ڈیوٹی دینگے ۔ایک شفٹ میں ایک ڈی ایس پی، دو انسپکٹر اور 80 اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔

لاہور،اسلام آباد(صباح نیوز،آئی این پی)پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کے کہنے پر نوازشریف کو ہسپتا ل منتقل کردیاہے ، طبیعت بہتر ہونے پر انہیں جیل واپس بھیج دیا جائے گا۔وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان لاہور میں ایرانی قونصل خانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے کوئی انتقام نہیں لیا جا رہا، ان کی فیملی کے ارکان کے ملنے اور ان کی پسند کا کھانا لے جانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔دوسری طرف ترجمان وزیراعظم آفس افتخار درانی نے کہا ہے کہ انسانی ہمدردی کے طور پر دیکھ بھال نواز شریف کا حق ہے، جیل میں ڈاکٹرز موجود ہیں تاہم مسلسل ہسپتال منتقلی کا کہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ سسٹم کو آگے چلانے کیلئے حکومت کو ایسے فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں۔

مزید : صفحہ اول


loading...