پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،عثمان بزدار

پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،عثمان بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے12 رکنی وفد نے ملاقات کی۔چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ نے زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ چینی وفد کے حکام نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنجر اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی مقاصد کیلئے قابل استعمال بنانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے اورکم لاگت کے گھرو ں کی تعمیر کے منصوبے کیلئے چین کی ٹیکنالوجی بھی پنجاب میں منتقل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب میں ہاؤسنگ انڈسٹریل پارک کا منصوبہ لگانا چاہتے ہیں اوراس ضمن میں تمام سرمایہ کاری چینی گروپ کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زبردست سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ چین کے سرمایہ کاروں کو زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں بہت پوٹینشل موجود ہے۔ زرعی شعبہ پنجاب کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط کیا جا سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہاؤسنگ کے شعبہ میں کم لاگت کے گھروں کی تعمیر تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم عام آدمی کو چھت فراہم کرنے کا انقلابی منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے نئی سہولتیں اور مراعات دی گئی ہیں اور زراعت اور ہاؤسنگ سیکٹرز میں چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے حکام نے جھنگ میں 1263 میگاواٹ کے پنجاب پاور پلانٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے بورڈ کے چیئرمین ژانگ چن، نائب صدرفینگ ینسوئی ، ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے چیئرمین ہوانگ ڈاؤ یوان ، ڈپٹی چیئرمین چنگ کنپن اور دیگر عہدیدار شامل تھے۔سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری، صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -