بابراعظم کی چوکوں کی ہیٹ ٹرک اور 90 رنز بھی کسی کام نہ آئے، پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی شرمناک طریقے سے میچ گنوادیا

بابراعظم کی چوکوں کی ہیٹ ٹرک اور 90 رنز بھی کسی کام نہ آئے، پاکستانی بلے بازوں ...
بابراعظم کی چوکوں کی ہیٹ ٹرک اور 90 رنز بھی کسی کام نہ آئے، پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی شرمناک طریقے سے میچ گنوادیا

  


جوہانسبرگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بابر اعظم کے دھواں دار 90 رنز کام آئے اور نہ ہی ان کی جانب سے چوکوں کی 3 ہیٹ ٹرکس ہی پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرسکیں۔ جنوبی افریقہ نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 7 رنز سے جیت کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور وکٹوں کی ایسی پت جھڑ لگی کہ میچ ہی ہاتھ سے نکل گیا۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 189 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اننگ کا آغاز انتہائی جارحانہ انداز میں کیا ۔ بابر اعظم نے آتے ہی لاٹھی چارج شروع کردیا لیکن فخر زمان ان کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکے اور 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ون ڈاﺅن آنے والے حسین طلعت نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ نبھایا۔ دونوں بلے بازوں نے ایسا لاٹھی چارج کیا کہ پروٹیز کا بھرکس نکال کر رکھ دیا۔ بابر اعظم نے 90 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ حسین طلعت 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دونوں نے چوکوں کی برسات کے ساتھ102 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ بابر اعظم کی اننگ کی سب سے دلچسپ بات ان کی جانب سے کی جانے والی چوکوں کی ہیٹ ٹرک کی ہیٹ ٹرک تھی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 13 چوکے مارے اور تین بار چوکوں کی ہیٹ ٹرک کی۔

بابر اعظم آﺅٹ ہوئے تو آصف علی بیٹنگ کیلئے آئے، انہوں نے 2 رنز بنائے تو وہ آﺅٹ ہوگئے تاہم نوبال کے باعث واپس آگئے۔آصف علی کو ایک اور چانس ملا لیکن وہ 2 رن پر بضد رہے اور اونچا کھیلنے کے چکر میں آﺅٹ ہوگئے۔ جس کے بعد حسین طلعت 55 جبکہ عماد وسیم 6 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے۔ بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث میچ انتہائی سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا، 4 گیندوں پر 10 رنز باقی تھے کہ حسن علی نے سنگل لے لیا۔ سامنے شعیب ملک آئے تو پاکستان کو جیت کیلئے 3 گیندوں پر 9 رنز درکار تھے لیکن وہ  اونچا کھیلنے کے چکر میں 6 رنز پر باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک کے بعد حسن علی بھی کلین بولڈ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے۔ نئے بلے باز محمد رضوان نے میچ کی آخری گیند پر ایک رن سکور کیا اور یوں پاکستان یہ میچ 7 رنز سے ہار گیا۔ 

جنوبی افریقہ کی فتح میں اہم کردار فیلوکوائیو نے ادا کیا جنہوں نے آخری اوور میں نہ صرف سکور روکا بلکہ 2 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔ انہوں نے 4 اوورز میں 36 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جنوبی افریقہ کے ہینڈرکس اور مورس نے 2، 2 کھلاڑیوں آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ بیٹنگ کے دوران پروٹیز اوپنر ملان 33 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں سٹمپ آﺅٹ ہوئے جبکہ دوسرے اوپنر ہینڈرکس  28 رنز بناکررن آﺅٹ ہوئے ۔ دوسین نے کپتان ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر بھرپور لاٹھی چارج کیا اور 27 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کے دوران ابھی اٹھارہویں اوور کی پہلی ہی گیند ہوئی تھی کہ بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ میچ دوبارہ 7 بج کر 25 منٹ (04:25 گراﺅنڈ ٹائم) پر شروع ہوا تو ڈیوڈ ملر نے حسن علی کو بے بس کردیا۔ 18 واں اوور حسن علی نے کیا جس میں انہوں نے ڈیوڈ ملر کے ہاتھوں 2 چھکے کھا کر 18 سکور دیے۔ آخری اوور میں ڈیوڈ ملر نے عثمان شنواری کو چھٹی کا دودھ یاد کرادیا۔ 20 ویں اوور میں جنوبی افریقہ نے 29 رنز سکور کرکے عثمان شنواری کو پاکستان کیلئے مہنگا ترین باؤلر بنادیا۔ انہوں  نے 4 اوورز میں کوئی بھی وکٹ حاصل کیے بغیر 63 رنز دیے۔ جنوبی افریقہ کے اس میچ میں کپتان ڈیوڈ ملر نے 29 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے اور مجموعے کو 188 رنز تک پہنچادیا۔

پاکستانی باﺅلرز میں ایوریج کے اعتبار سے سب سے کامیاب عماد وسیم رہے جنہوں نے اپنے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دیے اور ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باﺅلر حسن علی کو جنوبی افریقن بلے بازوں کے ہاتھوں بھرپور دھلائی کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 12 کی اوسط سے 48 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے۔شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

خیال رہے کہ جوہانسبرگ کے گراﺅنڈ میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے میچ میں بھی انہوں نے یہی فیصلہ کیا تھا جو درست ثابت نہیں ہوسکا تھا۔ شعیب ملک نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دینے کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے بارش کی پیشگوئی کے باعث پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی ہے۔

مزید : کھیل /Breaking News /اہم خبریں


loading...