حکومت نے کس صوبے کے زمینداروں کو 20 ہزار سولر ٹیوب ویل دینے کا اعلان کردیا؟ خوشخبری آگئی
کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل سیکرٹری سینیٹر منظورکاکڑ نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے آج ہم پسماندگی کا شکار ہیں،وفاقی حکومت صوبے کے 20ہزار زمینداروں کو سولر ٹیوب ویل فراہم کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر منظور کاکڑ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے،ماضی کے حکمرانوں نے بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے آج ہم پسماندگی کا شکار ہیں، اگر ماضی کے حکمران صوبے کے مفاد کیلئے کچھ کرتے تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے 20ہزار زمینداروں کو سولر ٹیوب ویل فراہم کرے گی،جس سے زمین داروں کو فائدہ ہو گا ،صوبے کے زمینداروں نے ہمیشہ مشکل حالات کامقابلہ کیا ہے، ہماری پارٹی اور مخلوط حکومت نےجس مقصد کیلئے ہمیں ایوان بالا تک پہنچا یا ہے، ہم صوبے کے مسائل پر بھر پور آواز اٹھائینگے کیونکہ بلوچستان کے مسائل حل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے کی جو سازش کی جارہی ہے لیکن ہم کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی اور شرسندی کے خلاف ایک پیج پر ہے ۔