موسم بہار میں صوبے بھر میں 10لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے،شہروں کو سرسبز و شاداب بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح:میاں محمود الرشید

موسم بہار میں صوبے بھر میں 10لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے،شہروں کو سرسبز و ...
موسم بہار میں صوبے بھر میں 10لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے،شہروں کو سرسبز و شاداب بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح:میاں محمود الرشید

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز (پی ایچ ایز)کے زیر اہتمام موسم بہار میں صوبے بھر میں 10لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔

یہ فیصلہ وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمودالرشید کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں صوبے بھر کی پی ایچ ایز کے چیئرمینوں اور ڈائریکٹر جنرلزنے شرکت کی ۔ میاں محمودالرشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت صوبے کے شہروں کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بناناپنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے پی ایچ ایز کو اپنا بھرپور اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاہراہوں کے ساتھ گرین بیلٹس کی تعمیر و بحالی اور پارکس کو مزید خوبصورت بنانے کے حوالے سے قابل عمل تجاویز مرتب کی جائیں۔ اجلاس کے دوران رواں موسم بہار میں لگائے جانے والے پودوں کی تعداد کے اہداف اور گزشتہ مون سون کی شجرکاری کے نتائج پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ لاہور ، گوجرانوالہ، ملتان ، سرگودھا، بہاولپور ، سیالکوٹ ، ساہیوال ، راولپنڈی اور ڈی جی خان کی پی ایچ ایز کے حکام نے انتظامی امور، شجرکاری کے اہداف اور ذرائع آمدن کے حوالے سے بریفنگز دیں ۔ اجلاس کے دوران پی ایچ ایز کے ذرائع آمدن میں اضافہ کی تجاویز مرتب کرنے کے لئے ایک کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیاگیا جو اگلے دس روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...