راولپنڈی کے شیطان نے سیاست کو آلودہ کر دیا،شیخ رشید عزت اور شرافت کی زبان نہیں سمجھتے: سعید غنی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے شیخ رشید کی طر ف سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف سخت زبان استعمالکرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اعلیٰ ظرف اور شاندار روایات رکھتے ہیں جبکہ شیخ رشید کی تربیت ہی اس انداز سے ہوئی ہے کہ کہ وہ عزت اور شرافت کی زبان نہیں سمجھتے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ ’’شیدے جاسوس‘‘ کا وسیلہ روزگار بھی صرف اور صرف بدکلامی رہا ہے، فواد چوہدری، فیاض چوہان اور شیخ رشید میں مقابلہ ہو رہا ہے کہ ان میں سے زیادہ بدتمیز کون ہے؟ سعید غنی نے کہا کہ راولپنڈی کے شیطان نے سیاست کو آلودہ کر دیا ہے،وزراء کی کارکردگی صرف اس چیز پر پرکھی جا رہی ہے کہ کونسا وزیر زیادہ گالیاں بکتا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ شیخ رشید جیسے لوگ اس لئے سیاست میں لائے جاتے ہیں تاکہ وہ مہذب سیاست کو گالی بنا دیں۔