پاکستان سیاحت کیلئے محفوظ ملک، بھارت نے کشمیریوں کو قیدی بنا رکھا ہے: اسد مجید

      پاکستان سیاحت کیلئے محفوظ ملک، بھارت نے کشمیریوں کو قیدی بنا رکھا ہے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (اظہر زمان، بیورو چیف) امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور حوصلہ افزائی کے لئے مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے موجودہ حکومت جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس کیلئے موجودہ حکومت نے آزاد ویزا پالیسی، نئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور ای کامرس میں سرمایہ کاری سمیت متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔وہ گزشتہ روزیہاں سونی وطن گلگت بلتستان آرگنائزیشن(یو ایس اے) کے زیر اہتمام نیویارک میں منعقدہ گلگت بلتستان کلچرل تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت کے مواقعوں کا فروغ اور اسکی صلاحیت بالخصوص گلگت بلتستان کی ثقافت کو اجاگر کرناتھا۔ تقریب میں گلگت بلتستان کے ثقافتی رقص اور میوزیکل پروگرامز پیش کیے گئے۔ تقریب میں گلگت بلتستان کی لوکل دستکاری، جواہرات اور زیورات کی نمائش بھی کی گئی۔شرکاء سے خطاب میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہتر سیکیورٹی اسٹرکچر اور استحکام کی بدولت نہ صرف غیر ملکی میڈیا،بین الاقوامی بلاگرز، وی لاگگرز نے توجہ حاصل کی ہے بلکہ متعدد ممالک کی سفری ایڈوائزری میں بھی بہتری آئی ہے۔امریکہ کے محکمہ خارجہ نے ابھی حال ہی میں پاکستان کے لئے اپنی سفری ایڈوائزری میں بہتری اور نظر ثانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی سفری ایڈوائزری میں نظرثانی پاکستان میں بالخصوص بڑے شہروں اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے بہتر ماحول،بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ملکی استحکام کا مظہر ہے۔ پاکستان میں بہتر سیکورٹی صورتحال اوراستحکام کو تسلیم کرتے ہوئے برطانیہ، کینیڈا، فرانس، پرتگال اور ناروے سمیت دیگر متعدداہم ممالک نے بھی سفری ایڈوائزری میں بہتری اورنظرثانی کی ہے۔ اس موقع پر سفیر پاکستان اسد مجید نے شرکاء کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی گرتی ہوئی صورتحال کی جانب مبذول کروائی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے معصوم کشمیریوں کو 6 ماہ سے قیدی بنا کر رکھا ہے۔معصوم کشمیری بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ بھارتی دراندازی اور یکطرفہ اقدامات سے پورے خطے کا امن و استحکام خطرے میں ہے۔بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کو روکنے اور کشمیریوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان سفیر نے پاکستان کے سوفٹ امیج کے فروغ سمیت سیاحت کے فروغ کیلئے سونی وطن گلگت بلتستان(یو ایس اے) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے نہ صرف انہیں مبارکباد دی بلکہ حوصلہ افزائی بھی کی۔تقریب میں کونسل جنرل نیویارک عائشہ علی سمیت مقامی منتخب عہدیداروں، پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی، فیڈریشن آف ایسوسی ایٹڈ سوسائٹیز (ایف اے ایل ایس) کے ممبران،میڈیا اور بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔
اسد مجید

مزید :

صفحہ اول -