قومی اسمبلی،سینیٹ اجلاس 2روزہ وقفے کے بعد آج شروع ہونگے
اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس 2روزہ وقفے کے بعد (آج) پیر کو دوبارہ ہوں گے، جن میں اہم قانون سازی کے علاوہ مختلف امور پر بحث کی جائے گی، سینیٹ اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بل پیش کئے جائیں گے، جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جامع پالیسی تشکیل دینے سمیت دیگر قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی ، سینیٹ میں نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (ترمیمی) بل2019 منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں سہ پہر چار بجے ہو گا، جس میں معمول کا ایجنڈا نمٹایا جائے گا، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے مہنگائی میں اضافے پر احتجاج کئے جانے کا بھی امکان ہے، دوسری جانب سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں سہ پہر چار بجے ہو گا، جس کے لئے سینیٹ سیکرٹریٹ نے 29نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا ہے، پرائیو یٹ ممبر ڈے کے موقع پر ارکان سینیٹ کی جانب سے مختلف بل پیش کئے جائیں گے، سینیٹر نصیب اللہ بازئی، سجاد حسین طوری، سردار یعقوب خان، دلاور خان، اشوک کمار اور شمیم آفریدی کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق بل پیش کئے جائیں گے، اجلاس میں مختلف قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی، سینیٹر سراج الحق قرار داد پیش کریں گے کہ حکومت ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جامع پالیسی تشکیل دے، سینیٹر عطاء الرحمان قرار داد پیش کریں گے کہ یہ ایوان مختلف سیاسی قائدین کی میڈیا کوریج پر پابندی کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت میڈیا کی آزادی کو یقینی بنائے اور ایسی تمام پابندیوں کو ختم کرے،اجلاس کے دوران مختلف امور پر بحث کرنے کی تحاریک بھی پیش کی جائیں گی، سینیٹر سسی پلیجو تحریک پیش کریں گی کہ یہ ایوان پاکستان میں پولیو کیسز میں اضافے سے متعلق ڈبلیو ایچ اے کی رپورٹ پر بحث کرے، اجلاس میں اہم قانون سازی بھی کی جائے گی، وزیر داخلہ نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (ترمیمی) بل2019 منظوری کے لئے پیش کریں گے۔
قومی اسمبلی