بھارت روس سے بڑا طاقتور نہیں، جلد کئی نئے پاکستان بنیں گے:سردار عتیق

      بھارت روس سے بڑا طاقتور نہیں، جلد کئی نئے پاکستان بنیں گے:سردار عتیق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آئی این پی)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ہم گھر میں پاکستانی ہیں اور مسئلہ کشمیر پر ہندوستان کے سامنے طاقتور ترین فریق ہیں، گلگت کا سٹیٹس تبدیل کرنے کی گنجائش نہیں، گلگت کو صوبہ اور آزادکشمیر کے اسٹیٹس میں تبدیلی کی باتیں ہندوستان کو بیل آؤٹ پیکچ دینے کے مترادف ہیں،ہندوستان مقبوضہ کشمیر کا سٹیٹس بدل کر آبادی کا تناسب تبدیل کر کے اپنے حق میں رائے عامہ ہموار کرنا چاہتا ہے اور ہم گلگت بلتستان کا سٹیٹ سبجیکٹ ختم کر کے اپنا ووٹ بینک کم کررہے ہیں کیا یہ عقل مندی ہے؟۔ اگر اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ملتا ہے تو ووٹ کشمیر کے عوام نے ڈالنا ہے جس میں جموں، لداخ، گلگت بلتستان، وادی اور آزادکشمیر کے عوام شامل ہونگے۔ اگر ہم آزادکشمیر اور گلگت کا اسٹیٹس بدل دینگے تو پھر یہ اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے والی بات ہو گی۔ جن دو جماعتوں نے گلگت بلتستان سے اسٹیٹ سبجیکٹ ختم کیا تھا ان کے پاس آج کوئی جواب نہیں۔ لہٰذا حکومت پاکستان کو چاہئے کہ فوری گلگت بلتستان کا اسٹیٹ سبجکٹ بحال کرے۔گزشتہ روزیہاں یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق نے کہا کہ شملہ معاہدہ اپنی اہمیت کھو چکا ہے۔ حکومت پاکستان ایسے معاہدے کو پھاڑ کر مودی کے منہ پر مارے۔ ہندوستان ہمارے مقابلے میں بڑا ملک اور طاقتور ہے انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ روس بھی ہندوستان سے کئی گناہ زیادہ طاقت ور ملک تھا اور وہاں پر کئی اسلامی ریاستوں نے جنم کیا۔ ہندوستان میں مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں اور مودی کا ہندو نظریہ دن بدن پروان چڑھ رہا ہے۔ اگر اس نے روش نہ بدلی تو ہندوستان کے اندر کئی اور پاکستان معرض وجود میں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مختلف فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بہترین طریقے سے اجاگر کیا اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ حریت کانفرنس اور آزادکشمیر کی لیڈر شپ کو اعتماد میں لیکر جامع کشمیر پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔
سردار عتیق

مزید :

صفحہ آخر -