فلسطین اور کشمیریوں کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق چاہتے ہیں، پاکستان علماء کونسل

فلسطین اور کشمیریوں کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق چاہتے ہیں، ...

  



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امت مسلمہ امریکی صدر کے فلسطین کے مسئلہ پر امن فارمولے کو مسترد کر چکی ہے، پاکستان کے تمام مکاتب فکر سیاسی و مذہبی جماعتیں عرب لیگ کے موقف کی تائید کرتی ہیں، مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل مسلم امہ کے اتحاد سے نکلے گا،مسلم امہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کرنے والوں کو ناکامی ہو گی، 5 فروری کو ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ بھی بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔یہ بات پاکستان علماء کونسل لاہور کے زیر اہتمام مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،علامہ کاظم رضا، علامہ محمد حسین اکبر، علامہ طاہر الحسن، مولانا محمد ایوب صفدر، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد خان لغاری، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا عبید اللہ گورمانی، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر، مولانا قاری مبشر رحیمی، مولانا اسلم صدیقی، مولانا عبد الرحمن لدھیانوی، مولانا قاری شمس الحق، فلسطینی نمائندے طارق، مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا نصیر احمد اویسی اور دیگر نے کہا کہ امریکی صدر نے فلسطین کے مسئلہ پر یکطرفہ طور پر امن فارمولے کا اعلان کر کے امت مسلمہ کے جذبات کی توہین کی ہے۔القدس شریف مسلم امہ کیلئے مقدس ترین مقام ہے، القدس کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہمارا ہے اور ہمیشہ ہمارا رہے گا۔فلسطین اور کشمیر کی کوئی خرید و فروخت نہیں کر سکتا،پاکستان سعودی عرب اور دیگر اسلامی عرب ممالک کا فلسطین پر موقف واضح طور پر سامنے آ چکا ہے، بعض عناصر مسلم امہ میں انتشار پیدا کرنے کیلئے مسلم قائدین پر الزام تراشی کر رہے ہیں،جسے مسلم امہ مسترد کر تی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات رکھنے والے مسلم ممالک اسرائیلی سفارت خانے بند کریں اور اسرائیل سے تعلقات ختم کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کو مسلم امہ کے مسائل سمجھتا ہے، کسی کو حق نہیں دیں گے کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں سے غداری کر ئے۔ مسلم امہ فلسطین اور کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتی ہے، عالمی امن مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12 فروری کو اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر و فلسطین کانفرنس ہو گی جس میں مختلف اسلامی ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔

پاکستان علماء کونسل

مزید : صفحہ آخر