پاکستان میں پہلا کبڈی ورلڈ کپ، ٹکٹوں کی فروخت آج شروع

پاکستان میں پہلا کبڈی ورلڈ کپ، ٹکٹوں کی فروخت آج شروع

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں پہلی بار ہونے والے کبڈی کے سب سے بڑے مقابلے ورلڈ کپ کے لئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ 10ٹیموں کے درمیان ورلڈ چیمپئن بننے کا یہ میلہ 9فروری سے16فروری تک سجے گا۔ لاہور، فیصل آباد اور گجرات میں میچز ہونگے، کبڈی ورلڈکپ میں بھارت سمیت 9 غیرملکی ٹیمیں حصہ لیں گی جو 7 فروری کو لاہور پہنچیں گی۔پنجاب کا ثقافتی کھیل کبڈی دنیا بھر کے پہلوانوں کے ساتھ اب پہلی بار پاکستان میں اپنا جادو دکھانے کو بے تاب ہے۔

اس سے پہلے بھارت ہی کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرتا رہا ہے اور اب پاکستان نے مہمان نوازی کرنا ہے، وہ بھی بھارت سمیت 9 ممالک سے آئے پہلوانوں کی۔ صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ مقابلے پنجاب کے تین شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ کبڈی ورلڈ کپ کے لئے ٹیمیں 7 فروری سے پاکستان کے دل لاہور پہنچیں گی۔ کبڈی ورلڈ کپ کا شاندار آغاز 9 فروری کے دن رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے پنجاب اسٹیڈیم میں ہو گا جہاں کھلاڑیوں اور شائقین کو خوش آمدید کہا جائے گا۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا ہے کہ کھیل کے ساتھ ساتھ یہ میلہ پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کا سفیر بھی بنے گا۔ شائقین کے اعتبار سے پاکستان میں کرکٹ کے ساتھ کوئی کھیل مقابلہ کرتا ہے تو وہ کبڈی ہے اور شہریوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ میچز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت 3 فروری سے شروع ہو جائے گی۔ کبڈی ورلڈ کپ کے تمام میچز لائیو براڈ کاسٹ کے ساتھ انٹرنیٹ سٹریم بھی ہونگے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی