پٹوار سرکل نیا ز بیگ کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

پٹوار سرکل نیا ز بیگ کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کا انکشاف

  



لاہور (عامر بٹ سے)محکمہ مال کے سابق افسران کی مبینہ غفلت کے باعث پٹوار سرکل نیاز بیگ میں دو کنال اراضی کو 19کنال 6 مرلے بنا کر ریکارڈ میں ردوبدل کیاگیا،سینکڑوں شریف شہری بھی ان کے فراڈ کی زد میں آگئے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی کے آفس سے اس معاملے کی انکوائری رپورٹ غائب کروا دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی جانب سے بار بار ہدایت کے باوجود لینڈ مافیا اور ریونیو مافیا اپنا ٹارگٹ پورا کرنے سے باز نہیں آئے۔انتقال نمبر 64349 کے سابقہ انتقال عبدالرشید ولد جلال دین کی اراضی کو دو کنال 1مرلہ کی بجائے 9 1کنال 6 مرلے کردیاگیا۔اب مزید آگے بیع دربیع انتقالات کا اندارج کرتے ہوئے 96892-96891-96894-96893 ایک کنال سے زائد انتقال بھی پاس کروا دئیے گے۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کی درستگی کی صورت میں یہ انتقال خارج ہوجائیں گے اور سینکڑوں کی تعداد میں شہری متاثرہ ہوں گے اس لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نوٹس لیں۔سابق ریونیو افسران نے نیاز بیگ میں سینکڑوں انتقالات خلاف ضابطہ اور خلاف قوانین درج وتصدیق کئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اصغر جوئیہ کا کہنا تھا کہ روزنامہ پاکستان کی نشاندہی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جعلسازی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ایسے سٹاف کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے اے سی سٹی تبریز صادق مری کا کہنا ہے کہ ریکارڈ منگوا لیا ہے سخت ایکشن لیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1