وزیر اعظم معیشت کیلئے درست فیصلے کر رہے ہیں،ہمایوں اختر

  وزیر اعظم معیشت کیلئے درست فیصلے کر رہے ہیں،ہمایوں اختر

  



لاہور (سٹی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور معیشت کی بہتری کیلئے بروقت اور درست فیصلے کر رہے ہیں،انتظامی مشینری پوری طرح متحرک ہے اور مصنوعی مہنگائی کے ذریعے عوام کا استحصال کرنے والے ضرور شکنجے میں آئیں گے،اتحادیوں کے گلے شکوے ہوتے ہیں اور انہیں دور بھی کر لیا جاتا ہے، اتحادیوں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد ڈھانچہ جاتی اصلاحات کامشکل ترین مرحلہ شروع کیا۔

اور مزاحمت کے باوجود اپنی پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سابقہ حکومت نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے معیشت کی بہتری کے نام پر کاسمیٹکس پالیسیاں ترتیب دیں جس کا خمیازہ آج پوری قوم کوبھگتنا پڑر ہا ہے۔ پاکستانی روپے کو مصنوعی طریقے سے اوور ویلیو رکھا گیا جس نے معیشت کا ستیاناس کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی کی شرح کو نیچے لانے اور ایک سطح پر برقرار رکھنے کے لئے پر عزم ہے اور اس کیلئے دن رات کام جاری ہے۔وزیر اعظم عمران خان ہر اجلاس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہیں۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ آج اپوزیشن والے مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں لیکن عوام جانتے ہیں کہ ملک کو اس نہج تک پہنچانے میں انہی لوگوں کا ہاتھ ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1