مہمند،آئس نشہ کیخلاف پشاور روڈ پر احتجاجی واک
مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، آئس نشہ کے خلاف کاروائی میں حکومت کی عدم دلچسپی اور علاقے میں آئس کی بڑھتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر احتجاجی واک۔ انتظامیہ آئس نشہ اور اس کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف فوری ایکشن لے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قبائلی ضلع مہمند تحصیل حلیمزئی غازی بیک ایف سی چیک پوسٹ سے غازی بیک بازار تک تکل فلاحی تنظیم کے زیر انتظام درجنوں افراد نے آئس نشہ کے خلاف احتجاجی واک کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جس پر آئس نشہ اور اس دھندے میں ملوث افراد کے خلاف نعرے درج تھے۔ غازی بیک بازار کے قریب احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز ٹیچرز فورم کے صدر ملک دین، جنرل سیکرٹری صراف شاہ، پیپلز پارٹی سینئر رہنماء حاجی رحیم اور تکل فلاحی تنظیم کے صدر رحمت شاہ نے کہا کہ علاقے میں آئس کاروبار اور نشہ پر کوئی قد عن نہیں اور انتظامیہ آئس کاروبار کے خلاف کاروائی میں عدم دلچسپی کے باعث اس دھندے میں ملوث افراد کو کھلی چھٹی مل گئی ہے۔ جس کی وجہ سے یہ کاروبار روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ اور اس نشہ کے عادی افراد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مقررین نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس دھندے میں ملوث افراد کے خلاف فوری ایکشن لے تاکہ آنے والی نسل اس سے بچ سکے۔