مہمند،تاجروں کا واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

  مہمند،تاجروں کا واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، میاں منڈی بازار میں دکانداروں کا واپڈا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ مظاہرین نے پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر ٹائر جلا کر سڑک احتجاجاً بلاک کر دیا۔ واپڈا اہلکار 24 گھنٹے بجلی لائن کاٹ کر نا انصافی کی انتہا کر رہے ہیں۔تمام لائنوں پر بلا امتیاز بجلی فراہم کیا جائے۔ دکانداروں کا موقف۔تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند تحصیل حلیمزئی میاں منڈی بازار علی رحمن مارکیٹ کے دکانداروں نے اتوار کے روز بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر ٹائر جلا کر روڈ کو تقریباً ایک گھنٹے تک بلاک رکھا۔ اور واپڈا اہلکاروں کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مظاہرین نے کہا کہ ہمارے مارکیٹ کی بجلی لائن واپڈا اہلکار صبح 10 بجے کاٹ لیتے ہیں اور 24 گھنٹے بعد بحال کر دیتے ہیں جبکہ باقی بازار کو بجلی فراہم کی جاتی ہے جوکہ ہمارے ساتھ سرا سر ظلم و نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مارکیٹ میں زیادہ تر کام الیکٹرانک سامان کا ہوتا ہے لیکن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہمارا کاروبار تباہی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر واپڈا اہلکاروں نے دوبارہ ہماری بجلی لائن کاٹ دی تو ہم سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائینگے۔