حیدرآبادلائیو اسٹاک ایکسپو سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، سعید غنی

حیدرآبادلائیو اسٹاک ایکسپو سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، سعید غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا کہ حیدرآباد میں 8اور 9فروری کو منعقد کی جانے والی لائیو اسٹاک ایکسپو ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ لائیو اسٹاک ایکسپو کے ذریعے سندھ حکومت نہ صرف قومی اور بین الاقوامی سطح پر لائیو اسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا چاہتی ہے بلکہ اس کے ذریعے وہ لوگوں کو لائیو اسٹاک سیکٹر کی پروموشن کے حوالے سے کی جانے والی سندھ حکومت کی کاوشوں سے بھی آگاہ کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے یہ بات اتوار کے روز کراچی پریس کلب میں سندھ کے وزیر برائے لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئی کہی۔سعید غنی نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے کے فرد خصوصا دوسرے صوبوں کے لائیو اسٹاک مالکان اور فارمرز کو دعوت ہے کہ و ہ سندھ کی لائیو اسٹاک ایکسپو میں شرکت کریں اور صوبہ سندھ کے بریڈ فارمرز کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ وہ لائیو اسٹاک سیکٹر کو اس سطح پر لے جائیں جہاں اس کے فوائد صوبے کی مجموعی معاشی حالت بدلنے میں بھی محسوس ہوں۔انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 کے انعقاد کے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور سندھ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ وہ اس نمائش کو ہر لحاظ سے کامیاب ترین بنائے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز عبدالباری پتافی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت لائیو اسٹاک کے حوالے جلد ایک نئی پالیسی بنانے جا رہی ہے جس میں لائیو اسٹاک ایکسپو 2020 ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اس نمائش میں نہ صرف اعلی نسل کے جانوروں کی نمائش کی جائے گی بلکہ ان کے مختلف مسائل پر لیکچر کے ذریعے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔عبدالباری پتافی کا کہنا تھا کہ اس نمائش کا اصل مقصد صوبے کے مقامی لائیو اسٹاک کو مارکیٹ اورینٹل بنانا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ اس ایکسپو کے ذریعے لائیو اسٹاک سے تعلق رکھنے والے مختلف ماہرین تک رسائی ممکن بنائی گئی ہے، تاکہ لائیو اسٹاک سیکٹر سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے جانوروں کے مسائل خصوصا ان کی ویکسینیشن اور بیماریوں کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کر سکیں

مزید :

صفحہ اول -