پشاور کو خوبصورت، صاف ستھرا بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے: محمود خان 

پشاور کو خوبصورت، صاف ستھرا بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے: محمود خان 

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور شہر کی خوبصورتی اور تجدید نو کے منصوبے "پشاورریوائیول پلان" پر پیش رفت اور عملدرآمد مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنانے جبکہ پشاور شہر کے تمام تر ترقیاتی کاموں اور اقدامات میں متعلقہ صوبائی اسمبلی اراکین کیساتھ مشاورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ پشاور کے تحت ریونیو کھلا دربار اقدام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس آئیڈیا کو صوبے کے دوسرے اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔ ریونیو دربار کے تحت ضلعی انتظامیہ کے حکام موقع پر عوام کے مسائل سنتے اور موقع پر حل کرتے ہیں۔ ریونیو دربار کے تحت عوام کو ریونیو سے متعلق تمام تر خدمات جن میں ڈومیسائل کا اجراء، انتقالات کا اجراء، فردکا اجراء، درستگی ریکارڈ، رجسٹری وغیرہ شامل ہے، کو چند منٹوں میں مہیا کی جاتی ہیں، جس کے لئے ضلعی انتظامیہ اشتہارات کے ذریعے ایک مہینہ پہلے عوام کو مطلع کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے صوبے خصوصاً پشاور شہر اور کارخانوں مارکیٹ میں منشیات فروشوں کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر کاروائی یقینی بنائیں، اور پشاور شہر میں نشے کے عادی افراد کی بحالی ممکن بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے گاڑیوں میں گیس سلنڈر کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کو ہدایت کی کہ پشاور شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں و دیگر تمام اقدامات وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کیساتھ شیئر کریں تاکہ صوبائی حکومت کے پشاور شہر کے لئے کئے گئے اقدامات سے شہریوں کو بھرپورآگاہی دی جا سکے۔انہوں نے ورسک روڈ پر غیر ضروری رکاوٹیں دور کرنے اور صفائی ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پشاور موٹر وے ٹول پلازہ سے منسلک چیک پوسٹ کو سٹریم لائن کرنے اور غیر ضروری رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے، ٹریفک نظام مزید بہتر کرنے اور چوراہوں میں ٹریفک سگنل کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وہ بذات خود زمینی حقائق کی نگرانی کررہے ہیں، پشاور کی ترقی اور خوبصورتی ترجیح ہے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلعی انتظامیہ پشاور کی کارکردگی اور پشاور شہر کی خوبصورتی کے حوالے سے پلان پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین سوات فضل حکیم خان، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، کمشنر پشاور امجد علی خان، ڈپٹی کمشنر پشاور، ڈی جی پی ڈی اے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

محمود خان

مزید : صفحہ اول