برطانیہ کے بعد امریکہ نے بھی پرامن ملک قرار دیا،پرویز خٹک

برطانیہ کے بعد امریکہ نے بھی پرامن ملک قرار دیا،پرویز خٹک

  



نوشہرہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر دفاع اور مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اتحادیوں کیساتھ کیے گئے وعدوں کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کردی ہے اس ضمن میں کمیٹی میں شامل نئے ممبران کی موجودگی میں جمعرات کو اہم اجلاس طلب کرلیا گیاہے اجلاس میں تمام اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کریں گے اور افہام وتفہیم سے مسائل حل کریں گے برطانیہ کے بعد امریکہ نے بھی پاکستان کو پرامن قرار دے دیا ہے پاکستان جلد ایف FATF کی گرے لسٹ میں شامل ہوجائے گا۔ وہ نوشہرہ کلاں میں سوئی گیس اور سڑک کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب کررہے تھے۔جلسے سے قومی اسمبلی میں مجلس قائمہ کے چیئرمین برائے توانائی و قدرتی وسائل ڈاکٹر عمران خٹک، ممبر صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کا کا خیل، سابق ضلعی کونسلر حاجی نوشیر خان، سابق ناظم امان اللہ خان،دوڑان میں میاں نعمان الحق کاکا خیل، محمد نعیم خان،اور سید وکیل شاہ نے بھی خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ اب تک کے مذ اکرات انتہائی کامیاب رہے ہیں اور ان کے ساتھ جو بھی وعدے کیے ہیں اور جو جائز مطالبات ہیں ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہے ہیں۔ ق لیگ، ایم کیو ایم، بلوچستان نیشنل پارٹی منگل گروپ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ احتساب کے قانون میں ترمیم سمیت پارلیمنٹ میں پیش ہونے والے تمام قانونی بلز پر اپوزیشن کے ساتھ باہمی مشاورت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور ان کی بہتر تجاویز کو شامل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میرا بھائی صوبائی وزیر لیاقت خٹک، ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک اور تین بیٹے اسحاق خٹک، اسماعیل خٹک، ابراہیم خٹک، روزانہ عوام کی غم و خوشی میں شریک ہوتے ہیں اور اپنے حلقوں میں عوام کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں ہمارے مخالفین صرف الیکشن میں نظر آتے ہیں۔

پرویز خٹک

مزید : صفحہ اول