فیصل واوڈا کےخلاف نااہلی کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نا اہلی کیلئے دائردرخواست پر سماعت آج ہو گی۔چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں بینچ درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی نااہلی کےلئے دائر درخواست میں موقف اپنا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے کاغذات نامزدگی میں جعلی حلف نامہ جمع کروایا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا کو جعلی حلف نامہ جمع کروانے پر نااہل کیا جائے کیونکہ ایم این اے صادق اور امین نہیں رہے۔ سپریم کورٹ دہری شہریت رکھنے پر 2 سینٹرز کو نا اہل قراردے چکی ہے۔
واضح رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی وفاقی وزیربرائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نا اہلی کیلئے دائردرخواست پر فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔عدالت نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 فروری تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ایڈووکیٹ جہانگیر خان جدون کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری قانون وانصاف، سیکرٹری قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست کے متن میں درج ہے کہ 2018الیکشن کے نامزدگی فارم جمع کراتے ہوئے فیصل واوڈا امریکی شہریت رکھتے تھے اور پی ٹی آئی رہنما نے جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا۔
فیصل واوڈا نے جھوٹا حلف دے کر بددیانتی کی، وفاقی وزیر کو دہری شہریت رکھنے اور جھوٹا حلف نامہ دینے پر نااہل کیا جائے اوربطور وزیر کام کرنے سے روکا جائے۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا کو نا اہل قرار دے کر کراچی کے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔