مسجد اقصیٰ کی آزادی تک بندوق نہیں چھوڑیں گے،سابق فلسطینی وزیرخارجہ
صنعاء(این این آئی)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن اور سابق فلسطینی وزیرخارجہ ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی پنجہ یہود سے آزادی تک فلسطینی قوم ہتھیار نہیں پھینکے گی۔ جب تک پوری مسلم امہ کے مسلمان قبلہ اول میں نماز اورعبادت کا حق حاصل نہیں کرلیتے اس وقت تک حماس بندوق اٹھائے رکھے گی۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما نے ان خیالات کا اظہار یمن کے دارالحکومت صنعاء میں عظیم الشان دفاع فلسطین مارچ سے ٹیلیفونک خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں عوام کی اتنی بڑی تعداد کا دفاع قبلہ اول کے لیے گھروں سے نکلنا اس بات کا ثبوت ہے کہ یمنی قوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔یمن میں ہونے والے دفاع فلسطین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حماس رہ نما نے یمنی قیادت اور قوم کو فلسطینیوں کی حمایت کے اظہار پران کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی امریکی اور صہیونی نا انصافیوں پریک آواز ہے۔ یمنی عوام کا سڑکوں پرنکل کرٹرمپ کے خلاف احتجاج کرنا امریکی۔ صہیونی سازشوں پر زور دار طمانچہ ہے۔محمود الزھار کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی طرف سیمکروہ شیطانی چالوں کے باوجود فتح و نصرت فلسطینی قوم کا مقدر ہوگی۔