عمر اکمل ایک مرتبہ پھر شدید مشکل میں پھنس گئے، ٹرینر کے سامنے کپڑے اتار دئیے مگر کیوں؟ تہلکہ خیز انکشاف سامنے آ گیا

عمر اکمل ایک مرتبہ پھر شدید مشکل میں پھنس گئے، ٹرینر کے سامنے کپڑے اتار دئیے ...
عمر اکمل ایک مرتبہ پھر شدید مشکل میں پھنس گئے، ٹرینر کے سامنے کپڑے اتار دئیے مگر کیوں؟ تہلکہ خیز انکشاف سامنے آ گیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمراکمل میدان میں اپنی کارکردگی کے بجائے تنازعات کی وجہ سے زیادہ جانے پہچانے جاتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر وہ ایک تنازعہ کی زد میں آ چکے ہیں جس کے باعث انہیں سزا دئیے جانے کا بھی امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سال 2009ءمیں اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے والے عمر اکمل کے بارے میں ماہرین نے کہا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی دکھائیں گے مگر بدقسمتی سے وہ اپنے کیرئیر میں ٹیلنٹ کے بجائے اپنی ذات سے منسوب تنازعات کی وجہ سے یاد رکھے جاتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے اور وہ ایک اور تنازعہ کے باعث خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں فٹنس ٹیسٹ کے دوران ان کے مبینہ نامناسب روئیے کی شکایت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو موصول ہوئی اور وہ اس صورتحال کا جائزہ لے کر یہ فیصلہ کرے گا کہ کیا واقعی عمراکمل نے فٹنس ٹیسٹ کے دوران کوچنگ سٹاف کے ساتھ بدتمیزی کی یا نہیں ؟

عمراکمل کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ دو مرتبہ یو یو ٹیسٹ پاس نہ کرسکے جس کے بعد جب ”سکن فولڈ ٹیسٹ“ کا موقع آیا اور اس دوران ٹرینر نے ان کے جسم میں چربی چیک کرنے کا کہا تو وہ غصے میں آ گئے اور مبینہ طور پر اپنے تمام کپڑے اتار کر کہا ”بتائیں چربی کہاں ہے؟“

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمر اکمل اس سے قبل بھی کئی طرح کے تنازعات میں پھنس چکے ہیں، سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کیساتھ بھی ان کے تعلقات اچھے نہ تھے جبکہ وقار یونس نے اپنی رپورٹ میں ان کے بارے میں منفی ریمارکس دئیے تھے، اس کے علاوہ لاہور میں ٹریفک وارڈنز کیساتھ جھگڑے کا واقعہ بھی پیش آ چکا ہے جبکہ ایک سٹیج ڈرامہ دیکھنے کے دوران انتظامیہ کیساتھ بدتمیزی کی خبریں بھی میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔

مزید : کھیل