پانچویں ٹی 20 میچ میں بھی بھارت کو جرمانے کی سزا دیدی گئی

پانچویں ٹی 20 میچ میں بھی بھارت کو جرمانے کی سزا دیدی گئی
پانچویں ٹی 20 میچ میں بھی بھارت کو جرمانے کی سزا دیدی گئی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی 20 میچ میں بھی سلو اوور ریٹ پر بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میچ ریفریز کے ایلیٹ پینل کے ممبر کرس براڈ نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرانے پر بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ کھلاڑیوں سے متعلق آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت سلو اوور ریٹ پر کھلاڑیوں پر فی اوور میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ پانچویں میچ میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے روہت شرما نے اپنا جرم اور سزا قبول کر لی جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف چوتھے ٹی 20 میچ میں بھی بھارتی ٹیم مقررہ وقت میں 2 اوورز کم کرا سکی تھی جس کے باعث کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

مزید : کھیل