”ہماری ٹیم بھارت سے کہیں بہتر ہے اور ہم۔۔۔“ انڈر19 ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹاکرا، ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے دبنگ اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم بھارت سے کہیں زیادہ متوازن ہے اور میں نے اپنی ٹیم سے کہہ دیا ہے کہ انہیں اس میچ کا دباﺅ نہیں لینا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق اعجاز احمد نے کہا کہ ”بھارت کیخلاف سیمی فائنل میچ ہمارے لئے فائنل کی اہمیت رکھتا ہے لیکن میں نے اپنے کھلاڑیوں سے کہہ دیا ہے کہ انہیں اس میچ کا دباﺅ نہیں لینا چاہئے۔ ہماری ٹیم بھارت سے کہیں زیادہ متوازن ہے اور ہماری باﺅلنگ میں زیادہ ورائٹی ہے اور ہماری اولین ترجیح بھارتی اوپنرز کو جلد از جلد آﺅٹ کرنا ہو گی۔“
انہوں نے کہا کہ ”حیدر علی اور روحیل نذیر رواں ٹورنامنٹ میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے لیکن امید ہے کہ وہ بھارت کیخلاف سیمی فائنل میچ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔ ہم ٹورنامنٹ میں ابھی تک ناقابل شکست ہیں اور امید ہے کہ بقیہ دو میچز جیت کر ٹرافی بھی اپنے نام کریں گے۔“