راولپنڈی ٹیسٹ میچ سے قبل تمیم اقبال نے ایسا شاندار کارنامہ سرانجام دیدیا کہ قومی ٹیم کے باؤلرز بھی گھبرا جائیں

راولپنڈی ٹیسٹ میچ سے قبل تمیم اقبال نے ایسا شاندار کارنامہ سرانجام دیدیا کہ ...
راولپنڈی ٹیسٹ میچ سے قبل تمیم اقبال نے ایسا شاندار کارنامہ سرانجام دیدیا کہ قومی ٹیم کے باؤلرز بھی گھبرا جائیں

  



ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے بنگلہ دیش کرکٹ لیگ (بی سی ایل) کے میچ میں 334 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ریکارڈ بک میں نام درج کروا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تمیم اقبال نے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز 426 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست 334 رنز بنائے اور یوں سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانے والے پہلے بنگلہ دیشی کرکٹر بن گئے جس پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ان کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

تمیم اقبال نے میچ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ بہت اچھی تھی اور گیند بھی زیادہ سوئنگ نہیں ہو رہا تھا لہٰذا میں بہت سادہ طریقے سے بیٹنگ کرتا رہا۔ 300 رنز مکمل کرنے کے بعد میں نے کچھ چانسز بھی لئے اور پوری اننگز میں مجھے کچھ سپیشل نہیں کرنا پڑا، میں بس بیٹنگ کرتا رہا اور کرکٹ شاٹس کھیلتا رہا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پاکستان کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے جس کا پہلا میچ 7 فروری سے 11 فروری تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل