کراچی، کارپر فائرنگ، ٹک ٹاک سٹار مسکان سمیت 4افراد جاں بحق
کراچی(آئی این پی) شہر قائد کے علاقے گارڈن میں علی الصبح کار پر فائرنگ میں 2ٹک ٹاک اسٹار سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق گارڈن میں انکل سریا ہسپتال کے قریب حملہ آوروں نے تعاقب کے بعدکار سوار افرادپر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 2افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے واقعے میں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج دونوں زخمی بھی دم توڑ گئے، جن کی شناخت ریحان شاہ اور عامرخان کے ناموں سے کی گئی۔ بعد ازاں ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے بتایا کہ کار پر فائرنگ کا واقعہ صبح پونے پانچ بجے پیش آیا، واردات میں ایک موٹر سائیکل اور رکشے کا استعمال کیا گیا۔ملزمان نے کار کا پیچھا کرنے کے بعد اس پر فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے کار میں سوار خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی، جن کی شناخت مسکان کے نام سے کی گئی، بعد ازاں گاڑی میں موجود تین افراد نے گاڑی بھگائی تو ملزمان نے ایک بار پھر ان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ایس ایس پی کے مطابق تینوں زخمی افراد کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکے، جائے وقوع سے ایم ایم پستول کے9خول ملے ہیں۔ سرفراز نواز نے انکشاف کیا کہ فائرنگ سے جاں بحق خاتون اور دو افراد ٹک ٹاک اسٹار تھے، واردات میں کتنے ملزمان ملوث تھے؟اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے، واقعہ صبح سویرے پیش آنے کے باعث عینی شاہدبھی سامنے نہیں آسکا،جس جگہ فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنیکی کوشش کی جار ی ہے۔
4جاں بحق