اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر حل کروائیں گے، سردار محمد یعقوب خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کشمیر فورم کے چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں سابق اٹارنی جنرل جسٹس ریٹائرڈ انور منصور خان، رکن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر عامر غفار، سردار مقبول زمان، مرزا اختیار بیگ، رشید گوڈیل، محمود احمد خان، شیخ راشد عالم، ڈاکٹر لبنیٰ، حفیظ صدیقی، اسماء شاہ و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سردار محمد یعقوب خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سے مسئلہ کشمیر حل کروائیں گے۔ اس سلسلے میں ایک پٹیشن تیار کی گئی ہے جس کیلئے 2 ملین افراد دستخطی (signature) مہم میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اب تک 2 لاکھ افراد نے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اگلے 3 ماہ میں ایک ملین کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جنگل کا قانون نہیں چلنے دیں گے۔ 370 اور ڈومیسائل قانون میں تبدیلی کو منسوخ کرواکر دم لیں گے۔ انور منصور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کی رات جلد ختم ہوگی۔ انگریزوں نے برصغیر کی تقسیم کے وقت بھارت کے مفادات کا تحفظ کیا۔ یو این او کے مطابق وہاں لاگو قوانین میں جبری تبدیلی غیر قانونی ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جرمنی، فرانس اور بیلجیم بھی انڈیا کی مذمت کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے نجات دلوائی جائے گی۔ ورلڈ کشمیر فورم کے چیئرمین حاجی محمد رفیق پردیسی نے سردار یعقوب کی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم پر سول سوسائٹی اہم کردار ادا کررہی ہے۔ تمام یورپی ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر آواز بلند کریں اور وہاں جبری گمشدگیوں اور گرفتاریوں کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ سردار مقبول زمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے موثر کوششیں کرے اور یو این او میں مضبوط مسئلہ کشمیر کا کیس پیش کرے۔ پاکستانی فوج اور عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔