الخدمت کراچی کے زیر کفالت یتیم بچوں کاٹھٹھہ ومکلی کا دورہ

      الخدمت کراچی کے زیر کفالت یتیم بچوں کاٹھٹھہ ومکلی کا دورہ

  

 کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کے آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ 100سے زائد بچوں کو ٹھٹھہ،بھنبھورا ور مکلی کے مطالعاتی دورے پرلے جایا گیا۔الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران ان کے ہمراہ تھے۔بچوں کو بھنبھور کے تاریخی میوزیم کی سیر کروائی گئی، جہاں انہیں قیمتی اور صدیوں پرانے نوادرات دکھائے گئے،جن میں تانبے کے برتن، مختلف ادوار میں رائج  قدیم کرنسی،مٹی کے بنے گلدان اور عام استعمال کی نادر اشیا شامل تھیں جو صدیوں پرانی تہذیب کا پتا دیتی تھیں،جبکہ بچوں کو بھنبھور کے قدیم اثار کی بھی سیر کروائی گئی۔بچوں کو مکلی میں تاریخی قبرستان بھی لے جایا گیا،جہاں بچوں کو سات سو سال پرانی قبریں دکھائی گئیں اور انہیں ان قبروں کی تاریخ سے متعلق معلومات فراہم کی گئی۔تمام بچے شاہ جہاں مسجد بھی گئے جہاں انہیں بتایا گیا کہ شاہ جہان مسجد، شہنشاہ شاہ جہاں نے 1054ہجری میں تعمیر کروائی تھی۔اس دور کا شاہکار طرز تعمیر اس وقت کے تعمیراتی حسن کا پتا دیتی ہے۔بچوں نے مسجد کے مختلف حصے دیکھے اور ان سے متعلق سوالات بھی کیے۔اس موقع پر بچوں کو بھنبھورر کی تاریخی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا گیا،بچوں کو بتایا گیا فتوحات کے حصول کیلئے محمد بن قاسم نے سندھ میں داخل ہونے کیلئے سب سے پہلے بھنبھور میں قدم رکھا،بھنبھور تاریخی طور پر اہمیت کا حامل شہر ہے۔بچوں کو بتا یا گیا کہ بھنبھور میں قدیم آثارکی کھدائی کیلئے کام کا آغاز 1958 میں کیا گیا،جہاں سے دو مختلف ادوار کے اثار ملے۔بچے مطالعاتی دورے سے خوب محظوظ ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلی باران مقامات پر آئے ہیں۔انہیں یہاں آکربہت جوشی ہوئی ہے اور وہ یہ جان سکیں ہیں کہ ہمارا ملک کتنا خوب صورت اورتاریخی ہے۔دریں اثناایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت بچوں کے کفالت،صحت کے ساتھ ساتھ انہیں تفریح کے مواقع بھی فراہم کر رہی ہے،تاکہ یہ بچے وسائل سے محرومی کے سبب احساس کمتری کا شکار نہ ہوں۔

مزید :

صفحہ آخر -