جماعت اسلامی نے کشمیر کاز کی خون سے آبیاری کی،قیصر شریف

جماعت اسلامی نے کشمیر کاز کی خون سے آبیاری کی،قیصر شریف

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا ہے جماعت اسلامی نے کشمیر کاز کی خون سے آبیاری کی ہے۔بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کے بعد ضروری تھا کہ حکومت تمام سیاسی پارٹیوں کی مشاورت سے ایک متفقہ قومی کشمیر پالیسی تشکیل دیتی مگر اس ضمن میں جماعت اسلامی کے باربار مطالبات کے باوجود کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا گیا۔اگرچہ گزشتہ سات دہائیوں سے جماعت اسلامی کشمیر کا مقدمہ ہر سطح پر لڑ رہی ہے لیکن مودی حکومت کے پانچ اگست 2019کے ظالمانہ اقدام کے بعد ہم نے مسئلہ کشمیر پر نئے سرے سے بھرپور بیداری مہم کا آغاز کیا ہے۔ اسلام آباد میں آج قومی کشمیر کانفرنس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ امیرجماعت اسلامی سینٹر سراج الحق کی صدارت میں ہونے والی کانفرنس میں صدر و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، پی ٹی آئی،مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام سمیت تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، کشمیری رہنما، مقبوضہ کشمیر کے اسیر حریت رہنماؤں کے نمائندے، وکلاء، صحافی اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

 نائب امراء  جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، میاں اسلم اور سیکرٹری جنرل امیرالعظیم بھی اس موقع پر خطاب کریں گے۔ قومی کشمیر کانفرنس کا آغاز اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں صبح ساڑھے دس بجے ہوگا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -