وزیر اعظم نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد اسی سال رکھیں گے،محمود الرشید

وزیر اعظم نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد اسی سال رکھیں گے،محمود الرشید

  

لاہور(اپنے نمائندے سے) صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشیدنے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان رواں ماہ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس منصوبے کے تحت ایل ڈی اے سٹی میں شامل موضع ہلوکی میں واقع آٹھ ہزار کنال اراضی پر 35ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے کی لاگت سے ساڑھے چھ سو کنال اراضی پر چار ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس سائٹ کا دورہ کیا۔ا س موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران اورگورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی ان کے ہمراہ تھے۔چیف انجینئر عبدالرزاق چوہان نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اربن پلاننگ رانا ٹکا خان اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے 

۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علاقے میں انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے 20 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت 563 کنا ل اراضی پر تقریباً 10 ارب روپے کی لاگت سے چار منزلہ اپارٹمنٹس کے125بلاک تعمیر کئے جائیں گے ایک بلاک 32رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا۔ہر اپارٹمنٹ کا رقبہ 650مربع فٹ ہوگا جو دو بیڈ رومز پر مشتمل ہوگا - ایل ڈی اے کی طرف سے ایک اپارٹمنٹ کی قیمت27لاکھ چھ ہزار پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے جو آسان ماہانہ اقساط میں وصول کی جائے گی-الاٹمنٹ کے لئے درخواستیں بینک آف پنجاب کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لئے اخبارات،ٹیلی ویژن چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے اشتہار دیئے جائیں گے-اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لئے ٹینڈر طلب کئے جا چکے ہیں۔چار ہزار فلیٹس تعمیر کرنے کا کام ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے طریقہ کار‘قیمت‘اہلیت کے معیار اور شرائط وضوابط کی منظوری کابینہ سے حاصل کی جائے گی۔ متوقع الاٹیوں کو لیٹر آف کمفرٹ دینے،انہیں اپارٹمنٹس خریدنے کے لئے قرضے جاری کرنے اور اس رقم کو منصوبے کے لئے بنائے جانے والے خصوصی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کے لئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بینک آف پنجاب کے در میان معاہدہ کیا جائے گا-بینک کی طرف سے مہیا کی جانے والی رقوم رکھنے کے لئے خصوصیEscrowاکاؤنٹ کھولا جائے گا۔یہ رقوم اپارٹمنٹس کی تعمیر کے علاوہ کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کی جا سکیں گی۔ اس مقصد کے لئے وزیرا علیٰ پنجاب کو سمری ارسال کی جائے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -