سی پیک کو ایک گرین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ماڈل بنایا جائیگا: چینی سفیر 

  سی پیک کو ایک گرین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ماڈل بنایا جائیگا: چینی سفیر 

  

       اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے سی پیک منصوبوں اور اہلکاروں کی حفاظت میں مسلح افواج کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ چین پاکستان کیساتھ مل کر خطے میں قدرتی ماحول کی حفاظت کیلئے سی پیک کو ایک گرین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو ماڈل بنائے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چینی سفیر نونگ رونگ نے گوادر بندر گاہ پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت تمام بڑے منصوبوں کا دورہ کیا جس میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروجیکٹ، چین پاک فرینڈشپ ہسپتال، گوادر میں چین پاک ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ، گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے پروجیکٹ،گوادر فری زون اور گوادر پورٹ شامل ہیں۔مڈل سکول فقیر کالونی گوادر کے ذہین طلبا کوسکالرشپ دیتے ہوئے سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ 2021 میں دوطرفہ تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، بچے قوم کا مستقبل اور چین پاکستان دوستی کی امید ہیں۔ انہوں نے چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر کاشانی، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی شاہ زیب کاکڑ، جی او سی ایس ڈی ڈی(ساؤتھ)میجر جنرل ایم عامر نجم اور پاکستان نیوی ویسٹرن کمانڈ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل جواد احمد سے ملاقات کی۔ چینی سفیر گرین ایمپلائمنٹ سکیم کے آغاز کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اس فیلڈ وزٹ کے دوران سفیر نونگ رونگ نے تعمیراتی مقام پر کارکنوں کوسپرنگ فیسٹیول کی مبارکباد ی۔جی او سی ایس ایس ڈی(ساؤتھ) میجر جنرل ایم عامر نجم اور کمانڈر پاکستان نیوی ویسٹرن کمانڈ کے ریئر ایڈمرل جواد احمد سے ملاقات کے دوران سفیر نونگ نے سی پیک منصوبوں اور اہلکاروں کی حفاظت میں مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا۔

چینی سفیر

مزید :

صفحہ اول -