نعمان علی کی عمدہ کارکردگی کا سب سے زیادہ فائدہ کسے ہوا؟ مشتاق احمد نے بتا دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق لیگ سپنر مشتاق احمد نے کہا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں نعمان علی کی عمدہ کارکردگی سے سینئر لیگ سپنر یاسر شاہ پر دباؤ کم ہو گیا ہے اور اب انہیں بھی اپنی گگلی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یاسر شاہ کو دوسرے اینڈ سے مدد نہیں ملتی تھی کیونکہ بدقسمتی سے فاسٹ باؤلرز وکٹیں نہیں حاصل کرپارہے تھے لیکن چیف سلیکٹر محمد وسیم کو کریڈٹ دینا چاہیے کہ انہوں نے نعمان علی کو منتخب کیا جنہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یاسر شاہ پر دباؤ کم کر دیا، میں اور ثقلین مشتاق اسی طرح ایک دوسرے کو سپورٹ فراہم کرتے تھے،میں وکٹیں لیتا تو ساتھی سپنر دباﺅ قائم رکھتے تھے، یاسر اور نعمان کی جوڑی نے بھی کراچی ٹیسٹ میں وکٹیں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ نعمان علی کو ایک پختہ کار باﺅلر کے طور پر ایکشن میں دیکھنا خوش آئند ہے، سپنر کی صلاحیتیں نکھارنے کیلئے کام کرنے والے ریجنل کوچز اور دیگر افراد کی خدمات کو سراہنا چاہئے اور اب یاسر شاہ کو اب بھی اپنی گگلی بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اس سے ان کی لیگ بریک اور فلپرز بھی مزید موثر ہوجائیں گی۔
مشتاق احمد نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح ٹیم اور مینجمنٹ کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل تھی، اس سے سب کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، فواد عالم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین اننگز کھیلی، میں نے بہت کم کرکٹرز کو اس طرح کے مشکل حالات میں ایسی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے دیکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا پوری دیانتداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑی کے پاس جاکر ان کی غلطیوں سے آگاہ کرنا خوش آئند ہے، ٹیم کو جس برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے اس کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے پلیئرز کے ساتھ اس انداز میں بات کرنا ضروری ہے، سابق کپتان مصباح الحق،یونس خان اور وقار یونس بھی ایک صفحے پر رہتے ہوئے رہنمائی کریں تو بابر اعظم کپتانی کے گر بہت تیزی سے سیکھ سکتے ہیں۔