غیر ملکی فنڈنگ کیس ، فرخ حبیب نے مریم نواز اور بلاول بھٹو کو مناظرے کا چیلنج دیدیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ مریم اور بلاول ریکارڈ لے کر پی ٹی وی پر آئیں مناظرہ کر لیتے ہیں ، لیگی وکیل نے آج اعتراف کیا کہ اسامہ سے فارن فنڈنگ لی گئی ،آج کہا کہ 90 کی دہائی میں ہونے والے اقدام پر قانون لاگو نہیں ہوتا ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیشہ کی طرح ن لیگ اور پیپلزپارٹی د±م دبا کر بھاگ گئی، ن لیگ نے بینک ریکارڈ پی ٹی آئی کو دینے کی مخالفت کی ہے ،مسلم لیگ ن کو کس بات کا ڈر ہے؟ ، ن لیگ نے الیکشن کمیشن میں صرف ایک بینک اکاﺅنٹ ظاہر کیا ہے،سٹیٹ بینک ریکارڈ کے مطابق انکے کئی اکاﺅنٹس سامنے آئے ہیں ۔
ان کا کہناتھا کہ لیگی وکیل نے آج اعتراف کیا کہ اسامہ سے فارن فنڈنگ لی گئی ،آج کہا 90 کی دہائی میں ہونے والے اقدام پر قانون لاگو نہیں ہوتا ،ن لیگ کہتی ہے ان کے منتخب اراکین نے پارٹی کو چندا دیا ،لیگی اراکین نے چندا ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا تو وہ بھی نااہل ہونگے ، مریم صفدر کی ناکام حکمت عملی اپنے اراکین کو نااہل کروائے گی۔
فرخ حبیب کا کہناتھا کہ سکروٹنی کمیٹی کارروائی اوپن کرنے پر اعتراض نہیں ہے ،پی ٹی آئی چاہتی ہے بینک ریکارڈ تمام فریقین کو دکھایا جائے، یہ تو سو لوگوں کے فنڈز کی تفصیلات نہیں بتا سکے ہم نے 40 ہزار ڈونرز کی تفصیلات دیں ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ ن لیگ کو فنڈنگ کھوکھر برادران جیسے رائے ونڈ کی اے ٹی ایمز نے کی ۔ اس موقع پر رہنما تحریک انصاف نے کنڈولیزا رائس کی کتاب کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ کنڈولیزا رائس نے پیپلزپارٹی اور مشرف کا این آر او کروایا ، کنڈولیزا رائس کو قائل کرنے والے مارک سیگل کو خزانے سے 60 لاکھ ڈالر ادا کیے گئے، فضل الرحمان کے دفاتر کی تختیوں پر لکھا ہے کہ فنڈنگ لیبیا اور عراق سے ہوئی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ پیزا کھانے کے خواہشمند فضل الرحمان کو حلوے کا بھی حساب دینا ہوگا ،چیلنج کرتا ہوں مریم اور بلاول ریکارڈ لے کر ٹی وی پر آئیں مناظرہ کر لیتے ہیں۔