’مجھے کوئی اور لڑکی مل گئی جس نے کورونا ویکسین لگوائی ہوئی ہے‘ لڑکی کا بوائے فرینڈ یہ کہہ کر اسے چھوڑ کر چلا گیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی وباءنے ہماری زندگیوں کو بہت کچھ تبدیل کیا، حتیٰ کہ ہمارے روئیے تک بدل کر رہ گئے۔ اب اس نوجوان ہی کو دیکھ لیں جس نے محض اس لیے اپنی گرل فرینڈ کو چھوڑ دیا کہ اسے ایک ایسی لڑکی مل گئی جس نے کورونا وائرس کی ویکسین لگوا رکھی تھی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق صحافی خاتون سارا کیلی نے یہ واقعہ اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر لوگوں کو سنایا ہے۔ انہوں نے اپنے ساڑھے 11ہزار فالوورز کے لیے ایک ٹویٹ میں بوائے فرینڈ کی طرف سے اپنی گرل فرینڈ کو بھیجے گئے پیغام کا سکرین شاٹ شیئر کیاہے۔
اس پیغام میں بوائے فرینڈ اپنی گرل فرینڈ سے کہتا ہے کہ ”تم بہت اچھی لڑکی ہو لیکن مجھے کوئی اور لڑکی مل گئی ہے جس نے کورونا ویکسین لگوا رکھی ہے۔ چنانچہ میرے خیال میں ہم دونوں کو جدوجہد کے اس وقت میں محفوظ رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔“سارا نے اپنی ٹویٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ یہ واقعہ خود ان کے ساتھ پیش آیا یا ان کی کسی سہیلی کے ساتھ، بہرحال سارا کی یہ ٹویٹ تیزی سے وائرل ہورہی، جسے اب تک 20ہزار سے زائد لوگ ری ٹویٹ اور 3لاکھ سے زائد صارفین لائیک کر چکے ہیں۔