وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو اہم ہدایات جاری کر دیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک بھر میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی دستیابی و قیمتوں کے جائزے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعظم کو ملکی معیشت اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی پر بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کنزیومر پرائس انڈیکس کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سالانہ بنیادوں کے تقابلی جائزے کی بنیاد پر جنوری میں سی پی آئی 5.7فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے ،یہ پچھلے سال 14.6فیصد تھا۔ جولائی سے جنوری تک سی پی آئی 8.2فیصدریکارڈ کیا گیاجو پچھلے سال انہی مہینوں 11.2فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اجلاس کو حکومت کی جانب سے سرکاری گندم کی ریلیز کی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مناسب قیمتوں کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام اسٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے گندم، چینی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کے تخمینوں کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے پیشگی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پرائس لسٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے انتظامیہ کا متحرک اور فعال کردار یقینی بنایا جائے۔ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف فوری ایکشن کو یقینی بنایا جائے۔