کاروباری طبقہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے: چیئرمین نیب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے انکوائریوں اور انویسٹی گیشن کے معیار میں بہتری اور سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔ نیب کاروباری طبقے کا احترام کرتا ہے جو کہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کی زیر صدارت نیب کے آپریشنز اور پراسیکیوشن ڈویژنوں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی شکایات سننے کے لئے نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں خصوصی سیل قائم کئے گئے ۔ نیب سب کے عزت نفس کے احترام پر یقین رکھتاہے ۔ افسران نیب میں آ نے والے تمام افراد کا احترام کریں۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن فری ملک بنانے کے لئے پرعزم ہیں ۔ میگا کرپشن کیسز کا منطقی انجام دینا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب افسران بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیئے اپنی کوششیں دگنا کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر 714 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کروائے ہیں۔ نیب نے سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس سے متعلق تمام معاملات قانون کے مطابق ایف بی آر کو بھیجے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب اقوام متحدہ کے انسداد بدعنوانی کے تحت پاکستان کا فوکل ادارہ ہے جبکہ سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئر مین ہے۔