وزیر اعظم نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں طلب کرلیا

سورس: File
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنر ہاﺅس پشاور میں جمعہ کے روز ایپکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ۔
وزیر اعظم ہاﺅس سے جاری ہونیوالے اعلامیہ کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے، فوج ، انٹیلی جنس اداروں ، رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے 2نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں پشاور خودکش حملے کے محرکات پر غوراور مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے حکمت عملی طے کی جائیگی۔ اس موقع پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی اپ گریڈیشن کے لیے کیے جانیوالے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا ۔