سولی پر لٹکاؤ ہم کو ۔۔۔ سولی ہے سوغات ہماری

دن بھی ہمارا، رات ہماری
جیت ہماری، مات ہماری
صُبح کی کونپل پُھوٹ رہی ہے
مان بھی جاؤ بات ہماری
سولی پر لٹکاؤ ہم کو
سولی ہے سوغات ہماری
انساں ہیں ہم انساں ہیں
کوئی نہیں ہے ذات ہماری
سارے موسم تیرے موسم
اشکوں کی برسات ہماری
باتیں تو سب کرتے ہیں
باتوں میں ہے بات ہماری
جعفری اُن کی بخشش ہے
ورنہ کیا اوقات ہماری
کلام :ڈاکٹر مقصود جعفری( اسلام آباد)