چین کا جا سوس غبارہ امریکہ میں پرواز کرتے ہوئے پکڑا گیا

چین کا جا سوس غبارہ امریکہ میں پرواز کرتے ہوئے پکڑا گیا
چین کا جا سوس غبارہ امریکہ میں پرواز کرتے ہوئے پکڑا گیا

  

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کا ایک جاسوس غبارہ امریکہ کے مغربی حصے میں پرواز کرتا ہوا پکڑا گیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے امریکی فضائی حدود میں بلندی پر پرواز کرنے والے ایک چینی غبارے کا سراغ لگایا ہے جو گرم ہوا سے اڑنے والا غبارہ تھا اور اس کے ذریعے مبینہ طور پر جاسوسی کی جا رہی تھی۔
امریکہ کے ایک سینئر دفاعی اہلکار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر جوبائیڈن کے کہنے پر وزیردفاع لائیڈ آسٹن اور اعلیٰ فوجی حکام نے غبارے کو مار گرانے کے معاملے پر غور کیا تاہم فیصلہ کیا گیا کہ مار گرانے کی صورت میں یہ غبارہ زمین پر موجود لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ غبارہ شمال مغربی امریکہ کے اوپر پرواز کرتا ہوا پایا گیا جہاں امریکہ کے کئی حساس فضائی اڈے اور دیگر جنگی تنصیبات ہیں۔ ان میں سٹریٹجک میزائلوں کے لیے بنائے گئے زیرزمین بنکر بھی شامل ہیں۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہے کہ اس غبارے کا مقصد جاسوسی کرنا ہی تھا۔ 
اہلکار کے مطابق یہ غبارہ دو دن پہلے امریکی فضائی حدود میں داخل ہوا۔جب اس کا علم ہوا، اس وقت وزیردفاع فلپائن میں موجود تھے۔ انہوں نے وہیں سے سینئر حکام کے ساتھ بات کی اور اس غبارے کے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے مونٹانا کی فضائی حدود میں لڑاکا طیارے بھیجے گئے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق واضح ہونے تک محض قیاس آرائیاں کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ ہم معاملے کی تصدیق کے لیے کام کر رہے ہیں۔دونوں فریق اس معاملے سے اچھے انداز میں نمٹیں گے۔