عوام سودی نظام سے نجات کیلئے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سے جان چھڑائے، سراج الحق 

  عوام سودی نظام سے نجات کیلئے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سے جان چھڑائے، سراج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

  

گوجرانوالہ (این این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام سودی نظام سے چھٹکارا چاہتی ہے تو (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سے جان چھڑائے، آئین کے آرٹیکل 62، 63ختم کرنے کا اعلان کرنے والوں کو اس دفعہ کرسی پر بیٹھنے کا موقع نہیں ملے گا، قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ جن حکمرانوں نے انھیں مایوس کیا وہ 8فروری کو بدلہ چکا دے، ملک میں اندھیروں کی ذمہ دار سابقہ حکمران پارٹیاں ہیں، ان کو سو سال بھی ملے تو روشنی نہیں پھیلے گی، اسلامی نظام کے لیے جماعت اسلامی ہی آپشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گوجرانوالہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں پولیس نے جماعت اسلامی کا جلسہ روکنے کے ہتھکنڈے استعمال کیے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ سیاسی پارٹیوں کو کمپین سے روکنے کے ضلعی انتظامیہ کے ہتھکنڈوں کے خلاف ایکشن لے۔ امیر جماعت نے خطاب کے دوران واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی جبر اور ظلم کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گی، ہمیشہ عوام کی ترجمانی کی، آئندہ بھی ان کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ کامیاب ہو کر ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم کریں گے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -