اسرائیلی حملوں میں مزید 119فلسطینی شہید، اسرائیل اور حماس قیدیوں کے تبادلے، جنگ بندی معاہدے پر متفق ہو گئے: قطر

اسرائیلی حملوں میں مزید 119فلسطینی شہید، اسرائیل اور حماس قیدیوں کے تبادلے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                             غزہ،دوحہ(نیوز ایجنسیاں،مانیٹر نگ ڈیسک)  غزہ پر اسرائیلی حملے جاری،مزید 119فلسطینی شہید ہوگئے،فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 27ہزار سے بھی تجاوزکرگئی،غزہ سٹی میں دھماکے سے کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیربن گئیں،خان یونس میں 30ہزار بے گھرافرادکو خوراک کی شدید قلت کاسامنا ہے، مغربی کنارے میں پکڑدھکڑ، مزید 41فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا گیا،دو ماہ قبل اغوا ہونیوالے انڈونیشین اسپتال کے سرجن کو رہا کردیا گیا،قید کے دوران ڈاکٹر محمد الران کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔مزیڈ بر آں قطر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا سمیت دیگر فریقین کی ثالثی کے نتیجے میں اسرائیل اور حماس سیز فائر معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس میں قطر، امریکا، مصر اور اسرائیل کے حکام کے درمیان غزہ پر ہونے والی ملاقات میں اہم امور طے پاگئے اور اسرائیل نے جنگ بندی پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔اس حوالے سے قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پیرس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسرائیل کو جنگ بندی کے بدلے اسرائیلی یرغمالی اور فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کی نئی پیشکش کی گئی جو اس نے قبول کر لی۔قطر کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ حماس نے بھی اس نئی پیشکش پر آمادگی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اگلے چند ہفتوں میں معاہدہ طے پاجانے کا قوی امکان ہے۔ جنگ بندی معاہدے سے متعلق تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل اسرائیل نے فریقین کی جانب سے پیش کی گئی جنگ بندی اور یرغمالیوں کے تبادلے سے متعلق معاہدے کے کچھ نکات پر اعتراض کرتے ہوئے معاہدے سے انکار کردیا تھا۔اسرائیل کے غزہ پر 7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 60 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

قطر

مزید :

صفحہ اول -