الیکشن کمیشن آفس کے باہر دھماکہ، پی پی کے انتخابی دفتر، (ن) لیگی امیدوار کے گھر پر دستی بم حملے 

    الیکشن کمیشن آفس کے باہر دھماکہ، پی پی کے انتخابی دفتر، (ن) لیگی امیدوار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                کراچی،کوئٹہ، خاران(مانیٹر نگ ڈیسک) شہر قائد میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر دھماکا ہوا جس میں خوش قسمتی سے کوئی زخمی یا جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق صدر میں قائم الیکشن کمیشن کے آفس کے باہر مغرب کے بعد زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز صدر اور اطراف کے علاقوں میں سنی گئی۔پولیس کے مطابق دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ الیکشن کمیشن آفس کی دیوار متاثر ہوئی۔ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکہ خیز مواد شاپنگ بیگ میں الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر رکھا گیا تھا، رش نہ ہو نے کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقام کو سیل کر کے شواہد اکھٹے کرلیے جبکہ دھماکے کی نوعیت کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا دھماکے میں 500 گرام دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکا تخریب کا ری ہے جو ممکنہ طور پرخوف و ہراس پھیلانے کیلئے کیا گیا۔مزید بر آں مغلزئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی الیکشن آفس اور خاران میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے گھر پر دستی بم حملے ہو گئے۔قلات کے علاقے مغلزئی میں ہونیوالے دستی بم حملے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے تین کارکن زخمی ہو گئے، زخمی ہونیوالے کارکنوں میں نصیب اللہ، ظہور احمد اور محمد رمضا ن شامل ہیں۔پولیس کے مطابق زخمی کارکنوں کو قریبی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، نامعلوم افراد پیپلز پارٹی کے ضلعی الیکشن آفس پر ہینڈ گرنیڈ پھینک کر فرار ہو ئے۔دوسری جانب خاران میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شعیب نوشیروانی کے گھر پر دستی بم حملہ ہوا۔پولیس کے مطابق بم گھر کے صحن میں گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے سے گھر کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری طرف چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قلات میں پیپلزپارٹی کے انتخابی دفتر پر بم حملے کی مذ مت کی جبکہ بم حملے میں زخمی کارکنوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا بلوچستان کی ترقی اور عوام سیاسی، سماجی اور معاشی انصاف کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر بم حملے میں ملوث مجرموں کو گرفتار کیا جائے۔

دستی بم حملے

مزید :

صفحہ اول -