انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ زیادہ ہوا تو سرپرائزنگ رزلٹس آسکتے ہیں: تجزیہ کاروں کی رائے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ کے حوالے سے تجزیہ کاروں نے مختلف آراء کا اظہار کیا ہے ۔سینئر صحافی و تجزیہ کار اعزاز سید نے بڑا دعویٰ کر دیا ، ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ زیادہ ہوا تو سرپرائزنگ رزلٹس آسکتے ہیں۔ وہ نجی ٹی وی کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزاد کے ساتھ“ میں گفتگو کر رہے تھے ۔ پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے بھی شرکت کی ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان چھن جانا پی ٹی آئی کیلئے بڑا سیٹ بیک ہے، سمجھ نہیں آتا مسلم لیگ نواز نے اتنی تاخیر سے انتخابی مہم کیوں شروع کی۔
میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے کچھ دن پہلے عمران خان کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں،"دی نیوز" اور جنگ میں ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی نے خبرمیں لکھا ہے کہ عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ملنے والی قید کی سزا پر پریشان تھے، ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بنی گالہ منتقلی کی پیشرفت بشریٰ بی بی کے رابطوں کا نتیجہ تھی۔