عازمین حج کی تربیت کا شیڈول تیار ، آغاز 12 فروری سے ہو گا، ترجمان مذہبی امور

    عازمین حج کی تربیت کا شیڈول تیار ، آغاز 12 فروری سے ہو گا، ترجمان مذہبی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈویلپمنٹ سیل) سرکاری عازمین حج کی تربیت کا شیڈول تیار کر لیا گیا ضلع کی سطح پر تربیتی پروگرامز کا انعقاد 12 فروری سے ہو گا۔ تربیتی پروگرامز میں شرکت لازمی ہو گی۔ نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کےساتھ ساتھ نظم و ضبط اور انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ یہ بات وزارت کے ماسٹرز ٹرینرز نے افسران کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کے موقع پر کہی۔ تربیتی ورکشاپ میں وزارت مذہبی امور کے 90 افسران اور اہلکاروں کو نئے تربیتی نصاب پر بریفنگ دی گئی۔ وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری انتظامیہ احمد ندیم خان، ڈی جی سید مشاہدحسین خالد، چیف ٹرینر ناصر عزیز خان، جمیل الرحمن خان اور محمد مجاہد رانا نے تربیتی نصاب کو حتمی شکل دےدی۔ ورکشاپ میں مزید بتایا گیا مختلف اضلاع میں سات حاجی کیمپوں کے ذریعے حج تربیت کا آغاز 12 فروری سے ہو گا۔ تربیتی پروگرام میں ’پاک حج‘ موبائل ایپ ، سفر حج کی تیاری، مناسک، سفر حج کی مشکلات اور عمومی ہدایات شامل ہیں۔ چیف ٹرینر نے کہا تربیت گاہوں میں وادی منیٰ کی طرز کے ماڈل خیمے تیار کیے گئے ہیں۔ ماسٹر ٹرینرز عازمین حج کو تھری ڈی ویڈیوز اور سوال و جواب کے ذریعے تربیت فراہم کرینگے۔ 69ہزار سرکاری عازمین حج کو دو مراحل میں تربیت دی جائےگی ۔ تربیت کا دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہو گا۔ عازمین حج اپنے قریبی مقامات پر حج تربیتی ورکشاپس میں شرکت کرینگے۔ عازمین حج کو موبائل میسج اور حج ایپ کے ذریعے تربیتی شیڈول کی اطلاع دی جائےگی۔