بھارتی فلم سٹار رام چرن جڑواں بچوں کے باپ بن گئے

بھارتی فلم سٹار رام چرن جڑواں بچوں کے باپ بن گئے
بھارتی فلم سٹار رام چرن جڑواں بچوں کے باپ بن گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی فلم سٹار رام چرن کی اہلیہ اپسانا کوئیڈالا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

رام چرن نے اپنی اور اہلیہ کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ہمیں ایک بیٹے اور ایک بیٹی کی نعمت نصیب ہوئی ہے۔ 2بیٹیوں اور ایک بیٹے کی خوشی ہمارے دلوں کو بے حد شکرگزاری اور سکون سے بھر دیتی ہے۔ ہماری زندگی کی خواتین ہمیشہ ہماری سب سے بڑی طاقت اور حوصلے کا ذریعہ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام مداحوں، عزیز و اقارب اور خیرخواہوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہر لمحے ہمارا ساتھ دیا، ہماری دعائیں کیں اور ہمیں سپورٹ کیا۔

دوسری جانب رام چرن کے والد اور تیلگو میگا اسٹار چرنجیوی نے سوشل میڈیا کے ذریعے بیٹے اور بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بہو اور دونوں بچے بالکل صحت مند اور تندرست ہیں۔

چرنجیوی نے پوتا اور پوتی کی پیدائش پر اپنی دلی خوشی کا اظہار کیا اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے خاندان کے لیے دعائیں، محبت بھرے پیغامات اور نیک خواہشات بھیجی ہیں۔

واضح رہے کہ 40 سالہ رام چرن اور اپسانا کوئیڈالا کی شادی جون 2012 میں ہوئی تھی، جڑواں بچوں کی پیدائش سے قبل ان کی ایک ڈیڑھ سالہ بیٹی بھی ہے۔

یہ لمحہ نہ صرف رام چرن اور اپسانا بلکہ ان کے پورے خاندان کے لیے خوشیوں سے بھرپور ہے، اور مداح بھی ان کے ساتھ اس خوشی میں شریک ہیں۔

مزید :

تفریح -