لاہور چیمبر کا بجلی و گیس چوری پر قابو پانے کیلئے صدارتی آرڈیننس کا خیر مقدم

لاہور چیمبر کا بجلی و گیس چوری پر قابو پانے کیلئے صدارتی آرڈیننس کا خیر مقدم

لاہور (پ ر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بجلی اور گیس چوری پر قابو پانے کے لیے صدارتی آرڈیننس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم بہت دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری ، سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر کاشف انور نے کہا کہ یہ نیا قانون بجلی کی قلت پر قابو پانے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ بجلی کے بحران کی ایک بہت بڑی وجہ بڑے پیمانے پر بجلی کی چوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس چوری کے خلاف سخت اقدامات لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے صدارتی آرڈیننس کے اجراءکی صورت میں تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہے جس کے تحت بجی چوری میں ملوث افراد کو ایک ملین سے دس ملین روپے اور دو سے سات سال تک قید کی سزا دی جاسکے گی۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس نئے قانون کے حقیقی معنوں میں نفاذ کو یقینی بنائے گی جس سے نہ صر ف کرپشن اور بجلی چوری کا خاتمہ کیا جاسکے گا بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی ایک بہت اچھا پیغام ملے گا اور بدعنوانی بھی ختم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس چوری متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کی معاونت کے بغیر ممکن نہیں ہے لہذا ان کالی بھیڑوں کے خلاف بھی سخت ترین ایکشن لینا بہت ضروری ہے جو اپنے فائدے کے لیے قومی مفادات کو بھاری نقصان پہنچارہی ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ صرف بجلی و گیس چوروں کے خلا ف ہی سخت ایکشن یقینی بنائے، اپنے واجبات ایمانداری سے ادا کرنے والے صنعتکاروں اور تاجروں کو ہرگز تنگ نہ کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قانونی قدم اٹھانے سے قبل چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ضرور اعتماد میں لیا جائے تاکہ اس مہم کی درست سمت کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سال کے دوران بجلی چوری اور لائن لاسز کی مد میں ملک کو 90ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ بجلی و گیس چوری میں ملوث عناصر سے کوئی رعایت نہ برتی جائے اور نہ ہی کاروائی کے سلسلے میں کوئی دباﺅ قبول کیا جائے۔

مزید : کامرس


loading...