انگلےنڈ کو ایشز میں وائٹ واش کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کرےنگے،مائیکل کلارک
سڈنی (اے پی پی) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے قائد اور مایہ ناز بلے باز مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ سڈنی کی وکٹ باﺅلرز کیلئے ساز گار ثابت ہو گی اسلئے ہماری کوشش ہو گی کہ انگلش ٹیم کو آٰخری میچ میں زیر کر کے ایشز سیریز میں وائٹ واش کریں اور اس مقصد کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سڈنی کی وکٹ پیسرز کیلئے موزوں ہو گی اسلئے وہ جیمز فالکنر کو پلیئنگ الیون میں موقع دینے پر غور کر رہے ہیں اور انہیں جارج بیلی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم کے خلاف مسلسل چار ٹیسٹ میچز جیتنے کے باوجود کھلاڑی آخری میچ میں بھی حریف ٹیم کو زیر کرنے کیلئے بے تاب ہیں اسلئے ہماری کوشش ہو گی کہ اس میچ کیلئے مضبوط ٹیم منتخب کی جائے تاکہ ہم حریف ٹیم کے خلاف سیریز میں وائٹ واش کر سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم سیریز میں کلین سویپ شکست سے بچنے کیلئے ہر حربے استعمال کرے گی اسلئے کھلاڑیوں کو ہوشیار ہونا ہو گا اور آخری میچ جیتنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔