بھارتی حکومت کا سرحدی علاقوں میں چینی ایف ایم ریڈیو نشریات کا توڑ کرنے کیلئے 35ارب روپے کا منصوبہ
نئی دہلی(اے پی پی) بھارتی حکومت نے نیپالی اور چینی سرحدی علاقوں میں چینی ایف ایم ریڈیو کی نشریات کا توڑ کرنے کیلئے 35ارب روپے کا منصوبہ تیار کر لیا۔ بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق چین نے بھارت کے سابق دوست ملک نیپال کی حکومت سے معاہدوں کے بعد شمال میں لداخ سے لیکر مشرق میں بہار تک سرحدی علاقوں تک چینی ، انگریزی اور نیپالی زبانوں میں ایف ایم ریڈیو کی نشریات پہنچانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔
ان علاقوں میں بھارتی مواصلاتی اداروں کی نشریات پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق ان ایف ایم ریڈیو کے پروگراموں میں نہ صرف کئی زبانوں میں پروگرام پیش کئے جاتے ہیں بلکہ ان میں خبریں ، تبصرے ، انٹرویو اور ثقافتی پروگرام بھی شامل ہوتے ہیں۔ بعض چینلز کے پروگراموں میں باقاعدہ چینی زبان بھی سکھائی جاتی ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق یہ سارے اقدامات بھارت کے سرحدی علاقوں میں چینی اثرو رسوخ بڑھانے کے حربے ہیں جن کے توڑ کیلئے دور درشن اور آل انڈیا ریڈیو کی نشریات ان علاقوں تک پہنچانے کی غرض سے پراسار بھارتی کو براڈ کاسٹنگ انفراسٹر کچر اور نیٹ ورک ڈیویلپمنٹ کیلئے 35ارب روپے فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی اصولی منظوری بھارتی وزارت خزانہ نے دی ہے اور کابینہ سے اس کی منظوری جلد لے لی جائے گی۔ منصوبے کے تحت بھارت کے شمالی اور مشرقی سرحدی علاقوں میں بھارتی ریڈیو کی نشریات پہنچانے کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔ (jav/rmq 1125:14)