مولانا سمیع الحق کو حکومت نے طالبان کے حوالے سے کوئی ٹاسک نہیں دیا
اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کا ٹاسک دیئے جانے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا پر بیان دینا مولانا سمیع الحق کا ذاتی فیصلہ تھا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا سمیع الحق نے گزشتہ منگل وزیراعظم نوازشریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور پھر خود ہی میڈیا پر بیان جاری کر دیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے انہیں طالبان سے مذاکرات کا ٹاسک دے دیا ہے تاہم نہ تو وزیراعظم نواز شریف اور نہ ہی وزیراعظم ہاو¿س کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری کیا گیا۔ وزیراعظم کے قریبی ذرائع کے مطابق مولانا سمیع الحق نے وزیراعظم سے خود ہی ملاقات کی خواہش ظاہر کی اور ملاقات کے دوران بتایا کہ ان کے طالبان سے قربی تعلقات ہیں جس پر وزیراعظم نوازشریف نے مولانا سمیع الحق سے کہا کہ ٹھیک ہے آپ طالبان سے بات کریں لیکن یہ نہیں کہا کہ آپ حکومت کی جانب سے مذاکرات کریں۔ ذرائع کے مطابق مولانا سمیع الحق کی جانب سے مذاکرات سے متعلق بیان کو عسکری قیادت اور خود طالبان نے بھی سخت نا پسند کیا۔