پی جی ایم آئی کا نیا تعلیمی سیشن،310ڈاکٹر ڈپلومہ و ڈگری کورسز کے لئے منتخب

پی جی ایم آئی کا نیا تعلیمی سیشن،310ڈاکٹر ڈپلومہ و ڈگری کورسز کے لئے منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( جنرل رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا ہے کہ پی جی ایم آئی کے نئے تعلیمی سیشن 2015 کے لئے 310 ڈاکٹروں کو مختلف ڈپلومہ و ڈگری کورسز کے لئے منتخب کر لیا گیا ہے جن کے نام انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائیٹ پر جاری کر دئیے گئے ہیںمنتخب ہونے والے نئے ڈاکٹرز کے لئے ڈینگی کی تربیت لازمی قرار دی گئی ہے جو 31 جنوری تک جاری رہے گی جبکہ 15دن کے اندر جوائننگ نہ دینے والے ڈاکٹروں کا داخلہ منسوخ کر دیا جائے گا -پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ پی جی ایم آئی نے 41 سال قبل اپنی خدمات کا آغاز کیا اور یہ پنجاب میں واحد پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ ہے جہاں پاکستانی ڈاکٹروں کے علاوہ غیر ملکی ڈاکٹروں کو بھی سپیشلائزیشن طبی کورسز کرائے جاتے ہیں-انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز نہ صرف پاکستان کے کونے کونے میں طبی و تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں بلکہ بیرون ممالک میں بھی انہوں نے اپنی پروفیشنل اہلیت کی دھاک بٹھائی ہے -پرنسپل نے بتایا کہ رواں سال پی جی ایم آئی میں سپیشلائزیشن طبی کورسز میں داخلے کے لئے اندرون و بیرون ملک سے ریکارڈ2200 کی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے میرٹ اور اہلیت پر پورا اترنے والے ڈاکٹروں کو داخلہ دیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ داخلہ لینے والے 310 میں سے 250 امیداوروں کا تعلق نجی شعبوں میں کام کرنے والے ہسپتالوں سے ہے جبکہ 60 ڈاکٹرز سرکاری ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں -
 پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے کہا کہ ادارے میں میڈیکل ریسرچ کے لئے بہترین لیب موجود ہے - جہاں طالب علم ڈاکٹر دوسرے ممالک کے طبی ماہرین سے ہمہ وقت رابطے میں رہ کر میڈیکل کے شعبے میں ہونے والی جدید پیش رفت سے آگاہ رہتے ہیں - انہوں نے کہا کہ ادارے میں دستیاب شاندار طبی سہولیات کی بدولت یہاں سے فارغ ہونے والے ڈاکٹرز اندرو ن و بیرون ملک میں اپنی شاندار خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے -